بھارت اپنی ہندتوا پالیسیوں کے سبب پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے،وزیر خارجہ

445

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی ہندتوا پالیسیوں کے سبب پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں قومی سلامتی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور اعلی عسکری حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔

دوران اجلاس، قومی سلامتی،علاقائی استحکام اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے،بھارت کی جانب سے لاین آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا اور عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر سیکورٹی کونسل اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو بھی  بھارت کے ان مذموم عزائم سے آگاہ کر چکے ہیں، بھارت اپنی ہندتوا پالیسیوں کے سبب، پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے عالمی برادری کو اس بھارتی رویے کا نوٹس لینا چاہیئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکام کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ہندوستان کی بوکھلاہٹ واضح ہو چکی ہے، بھارت سرکار اپنی داخلی صورت حال سے، دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے، گھناؤنے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جبکہ پاکستان افغان امن عمل سمیت ،خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔