عامر سہیل نے بابر اعظم کی تکنیکی خامی بتا دی

712

سابق اوپنر عامر سہیل نے آئی سی سی رینکنگ کے 5 اولین بلے بازوں میں شامل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تکنیک پر سوالات اٹھا دیے۔

اپنے یو ٹیوب چینل میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے بابر اعظم کی تکنیکی خامی بتا دی، عامر سہیل نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم دیر سے جارحانہ انداز اپناتے ہیں اور بیٹنگ کی شروعات میں بہت احتیاط کرتے ہیں کیونکہ وہ خود بولڈ یا ایلبی ڈبلیو سے بچانے کے لیے ایسی تکنیک اپناتے ہیں۔

عامر سہیل نے کہا کہ ہیڈکوچ مصباح الحق نے اس معاملے کو دیکھا ہوگا انہیں اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا، اگر ایسا ہوگیا تو بابر اعظم حریفوں کے لیے مزید خطرات پیدا کر دیں گے۔

سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ اگر باؤنڈریز نہ لگ رہی ہوں تو بابراعظم کو سنگلز اور ڈبلز کے لیے نئے گر سیکھنے ہوں گے، بطور بڑے کھلاڑی انہیں سمجھنا ہوگا کہ اگر باؤنڈریز کا موقع نہ ملے تو وہ کیسے آسانی سے سنگل ڈبلز کر سکتے ہیں۔

عامر سہیل نے مشورہ دیا کہ بابر اعظم کو کوہلی کی طرح فیلڈ میں جارحانہ ہونا پڑے گا، بیٹنگ کے دوران اندرونی طور پر تحمل مزاجی اور ٹھہراؤ تو ٹھیک ہے مگر حریفوں پر دباؤ ڈالنے کے لیے ظاہر تو پر اپنے جذبات اور جارحانہ پن کو پروان چڑھانا ہوگا۔