آئی سی یو میں وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی‘مرتضیٰ وہاب

85

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔یہ بات انہوں نے ٹوئٹر پر ایک بیان دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے سبب اسپتالوںمریضوں کا دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے شکار 198مریض آئی سی یو میں داخل ہیں جب کہ55 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ149 مریضوں کو ایچ ڈی یوز میں سانس لینے میں دشواری کے باعث منتقل کیا گیا ہے۔2 ہفتے قبل تمام سرگرمیوں کو کھولنے سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آبادمیں50 افراد متاثر ہوگئے ہیں، جس کے سبب اسپتال میں خوف کی فضا قائم ہوچکی ہے۔کراچی کے تقریباً تمام ہی بڑے اسپتالوں نے عوام کے لیے اسپتالوں کے باہر بینرز آویزاں کردیے ہیں جس پر درج کیا گیا ہے کہ ’’ہمارے پاس مزید گنجائش نہیں ہے۔‘‘ سربراہ قومی ادارہ صحت اطفال پروفیسر ڈاکٹر سید جمال رضا کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں1600 بچے کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔