حکومت کا ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ 30کروڑ ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا

255

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کیلیے ہنگامی معاونت کے تحت 300 ملین ڈالرکے قرضہ کے معاہدہ اور5 ملین ڈالر کی گرانٹ پر دستخط کردیے۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور نوراحمد اورپاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرژیاو ہانگ ینگ نے معاہدے پردستخط کیے ۔ وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار اورپارلیمانی سیکرٹری محمد یعقوب شیخ بھی اس موقع پرموجود تھے۔قرضہ کے معاہدے کے تحت پاکستان میں ہنگامی تیاریوں و رسپانس سسٹم کومضبوط بنایا جائیگا۔معاہدے کے تحت نیشل ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ فنڈ طبی سپلائز، ذاتی حفاظتی آلات ( پی پی ایز) اورہنگامی حالات میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی خریداری کیلیے قرضہ کی رقم مختلف ایجنسیوں کوفراہم کرے گی۔ اسی طرح صحت عامہ کی سہولیات بشمول بنیادی ڈھانچہ، پانی، سینیٹیشن وہائی جین اورفضلہ کوٹھکانے لگانے کا نظام بھی بہتربنایا جائے گا۔ معاہدے کے مطابق سماجی تحفظ کے عنصرکے طورپر 200 ملین ڈار کی رقم معاشرے کے غریب اورکمزورطبقات کیلیے مختص کی گئی ہے۔ یہ فنڈز بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام احساس کیش پروگرام کے تحت تقسیم کرے گی۔ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام 33لاکھ خواتین کو یکمشت اورایک بار مزید 4 ہزار روپے فراہم کرے گی۔ اسی طرح مالی سال 2020-21ء کے پہلے چارماہ میں 25 لاکھ خواتین کو دوہزارروپے ماہانہ کے حساب سے نقد امداد دی جائے گی۔ وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیارنے بروقت مالی معاونت پر ایشیائی ترقیاتی بنک کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں جتنا ممکن ہوسکے گی اپنے عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیگی۔اس موقع پر سیکرٹری بی آئی ایس پی یوسف خان اور این ڈی آرایم ایف کے سی ای او لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ہیڈ نے پراجیکٹ ایگری منٹ پر دستخط کیے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ہیڈ نے کہاکہ بینک کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔