پی پی کاآئی ایم ایف سے معاہدے و شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ

371

اسلام آباد ( آن لائن ) پیپلز پارٹی نے آئی ایم ایف کے مطالبات معاہدات اور شرائط پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پی پی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف پاکستانی حکام کو تعمیلی احکامات دے رہا ہے اور ملک عملی طور پر آئی ایم ایف کا ذیلی دفتر بنا دیاگیا ہے ۔ پیپلز پارٹی قومی و ملکی مفادات کے خلاف کسی بھی نئے حکم نامے کو تسلیم نہیں کرے گی معاشی عدم استحکام کے ذمے دار نالائق ناواہل حکمران ہیں، قوم کے نجات دہندہ بننے کے جھوٹے دعویدار درحقیقت آئی ایم ایف کے کارندے ہیں، ملکی خزانے کی کنجیاں اور معیشت پہلے ہی آئی ایم ایف کے حوالے اور گروی ہے، لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار اور حکمران وزرا معاونین فوج ظفر موج بھرتی کررہے ہیں، پیپلز پارٹی تبدیلی سرکار کو ایک کروڑ نوکریوں اور50 لاکھ گھروں کی فراہمی کے وعدے یاد دلاتی رہے گی۔ دوسری طرف پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کورونا وائرس میں مسلسل اضافے کے تناظرمیں وفاقی حکومت کے فیصلوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ کورونا کیسز کا90 ہزار تک پہنچنا انتہائی تشویشناک اور خطرے کی علامت ہے ،سلیکٹڈ حکومت پاکستان کو کورونا کامرکز بنانے پر تلی ہوئی ہے اور اس کے براہ راست ذمے دار عمران خان خود ہیں جنہوں نے کورونا کو نزلہ اورزکام قرار دے کر خوفناک حالات پیدا کرکے عوام کو موت کے منہ میں دھکیل دیا ہے۔