سرکاری اسکولوں کیلئے آن لائن کلاسز کا نوٹیفکیشن جاری

613

کراچی: سندھ کے سیکریٹری تعلیم نے سرکاری اسکولوں کیلئے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سیکریٹری تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹی  جماعت سے بارہویں جماعت تک آن لائن کلاسز ہوں گی جبکہ یونیسیف اور مائیکروسافٹ کی مدد لی جائے گی اس ضمن میں 75 ماسٹر ٹرینر اساتذہ کو آن لائن کلاسز کیلئے ٹریننگ دیں گے۔

سرکاری اسکولوں میں آن لائن کلاسز کے انعقاد سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں سیکریٹری تعلیم نےتمام اضلاع کے ڈائیریکٹرز کو 17 جون تک اساتذہ و طلبہ کا ڈیٹا دینے کی ہدایت کی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آن لائن سیشن کیلئے آئی ٹی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں تعلیمی ادارے گزشتہ 2 ماہ سے بند ہیں اور اسی وجہ سے امتحانات بھی نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، طلبہ کے گزشتہ نتیجے کو دیکھتے ہوئے انہیں اگلی کلاس میں ترقی دی جائے گی۔