ملک میں مارشل آرٹس کا کھیل سب سے زیادہ مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے، طارق علی

205

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری و سابق قومی کوچ طارق علی نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل آرٹس کا کھیل سب سے زیادہ مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مارشل آرٹس کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بین الاقوامی سطح پر انفرادی طور پر ملک میں سب سے زیادہ میڈلز کراٹے، جوڈو، تائیکوانڈو اور جوجٹسو کے کھیلوں کے مقابلوں میں آرہے ہیں اور ان کھیلوں کے کھلاڑی ہی سب سے زیادہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ طارق علی نے کہا کہ پاکستان جوجٹسو میں دس برس سے ایشیا کا چیمپئن چلا آرہا ہے۔