پیٹرولیم اور صحت کے شعبوںمیں اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے، وزیراعظم

308

اسلام آباد ( خبر ایجنسیاں)پٹرولیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے۔وزیر اعظم۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کو قومی سطح پر بھر پور خدمات کا موقع دیں گے ، ان سے کورونا وباء کے ساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خاتمے کیلیے خدمات لی جائیں گی۔پٹرولیم سیکٹر میں بہتری اور عوام کوریلیف دینے کیلیے ریفارمز کے عمل کو مزید تیز کیا جائے ۔ وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور ندیم بابر نے الگ الگ ملاقات کی ۔عثمان ڈار نے وزیراعظم کو کامیاب جوان پروگرام اور ٹائیگر فورس سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔وزیراعظم نے کہا کہقومی رضا کاروں کو ممکنہ سیلابی صورت حال اور کلین اینڈ گرین مہم کیلیے بھی ٹاسک سونپا جائے گا،نوجوان رضا کار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے،نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھرپور موقع دیا جائے۔بعد ازاں وزیر اعظم سے معاون خصوصی ندیم بابر نے ملاقات کی اور پٹرولیم سیکٹر میں جاری اصلاحات کے عمل میں پیش رفت پر بریف کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم سیکٹر میں ریفارمز کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شعبے میں بہتری اور عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر ا سٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ ماضی میں صحت کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارانصاف ڈاکٹرز فورم (آئی ڈی ایف) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر مدیر خان، ڈاکٹر سعید مصطفیٰ، ڈاکٹر جواد واصف، ڈاکٹر عاصم رضوی، ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر محسن رانجھا و دیگر شامل تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کا مقصد ملک میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا ، عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور نظام میں موجود خامیوں کی اصلاح ہے۔ آئی ڈی ایف کی جانب سے وزیرستان میں ہسپتال کے قیام کی تجویز پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے قائم ٹاسک فورس اس تجویز پر غور کرے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلیے صوبائی حکومت کو ہر ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، ممبران قومی اسمبلی سردار اسرار خان ترین، خالد مگسی، سینیٹرز انوارالحق، احمد خان اور تاج آفریدی بھی شریک تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صنعتی عمل کا فروغ اور کاروباری برادری کو ہر ممکن آسانی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بجٹ میں کورونا سے متاثرہ صنعتی شعبے کی بحالی و فروغ، حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈیز کے بہترین اور موثر استعما ل کو یقینی بنانے اور عوام پر پڑنے والے غیر ضروری حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ آئندہ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، صوبوں کی مشاورت سے ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے تخمینوں کو حتمی شکل دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے رواں مالی سال کے محصولات اور اخراجات اور آئندہ بجٹ کے تخمینوں کا خاکہ پیش کیا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچودھری نے ملاقات کی۔، ملاقات میں پارٹی امور سمیت ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔