ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر آپریشن ، کئی مارکیٹیں سیل(متعدد دکاندار گرفتار)

499

کراچی/لاہور/ اسلام آباد/پشاور/کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت)ایس او پی کی خلاف ورزی پر ملک بھر میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے ،مارکیٹیں سیل اور متعدد دکانداروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسدعمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غورکیا گیا۔شرکاء کو بتایا گیا کہ کہیں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیںگے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت پنجاب کے ایکشن سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں کے بڑے بازار آج سے بند کرائے جارہے ہیں۔راولپنڈی میں دکانیں سیل کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شام 7 بجے کے بعد کھولی گئی دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی جائیں گی۔ ترجمان نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے مطابق این سی او سی کی ایک ٹیم ملک بھر کے دورے کرے گی تاکہ اسمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کی مدد بھی کی جاسکے اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ان کی ضروریات بھی پوری کی جاسکیں ۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان اس ٹیم کی سربراہی کریںگے ۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیاگیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 115 افراد کو جرمانے کیے گئے 83دکانیں سیل کی گئیں ، 22صنعتی یونٹس سیل کردیئے گئے ،42ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کئے گئے ، گلگت بلتستان کے حوالے سے آگاہ کیاگیا کہ 907افراد کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے کئے گئے ،440دکانیں سیل کردی گئیں ، ٹریفک سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 297افراد کیخلاف کارروائی کی گئی ،13صنعتی یونٹس کیخلاف کارروائی کی گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کااجلاس ختم ہوتے ہی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ ملک بھر میں بڑی مارکیٹوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن کردیا گیا۔ بھاری جرمانے عاید کیے جانے پر پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ راولپنڈی میں صادق آباد، راجا بازار، کمرشل مارکیٹ میں انتظامیہ نے کارروائی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر درجنوں دکانداروں کو حراست میں لے لیا جب کہ سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر 3 مارکیٹیں بھی سیل کردی گئیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پی فالو نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کردی جائیں گی، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز فالو کرنے ہوں گے۔علاوہ ازیں پنجاب میں سرکاری دفاتر سمیت دیگر مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب تاجروں نے مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا ہے، تاجر رہنماؤں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کا فیصلہ عقل، دلیل اور منطق کے برعکس ہوگا، مالی طور پر کمزور ریاست، تاجروں کی کفالت کرنے کی طاقت نہیں رکھتی، آج مارکیٹں بند ہونگیں تو کیا کل ٹرانسپورٹ اور پھر سارا ملک بند کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں ملک بھر میں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی اور85ہزار 264افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ ایک دن میں 82 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 770ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ریکارڈ4ہزار688 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں دد دن کے دوران رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد9ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 30ہزار 128مریض صحتیاب ہو گئے ،متعدد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ملک بھر میں24گھنٹوں کے دوران 20ہزار 167ٹیسٹ کیے گئے گئے۔ پاکستان میں ایکٹوکیسز کی تعداد 53ہزار366ہوگئی ۔پاکستان کا صوبہ سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 32ہزار910کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں 31ہزار104، خیبرپختونخوا 11ہزار373، بلوچستان5ہزار224، اسلام آباد 3ہزار544، آزادکشمیر285اور گلگت بلتستان میں 824کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 607 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 555، خیبر پختونخوا میں 490، اسلام آباد میں38، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 49اور آزاد کشمیر میں 7افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں اس وقت ملک بھر میں 901کوروناوائرس کے مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔