پاکستان اور چین کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

273

اسلام آباد ( آن لائن)پاکستان اور چین نے کورونا وباء کے خاتمے کیلیے مشترکہ کوششوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔منگل کے روز وزیر اعظم کے مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ سے پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جِنگ نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال اور معیشت کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور شراکتیں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔مشیر خزانہ نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے اور وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے علاج معالجے اور طبی آلات کی فراہمی پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور وائرس سے پیدا شدہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے چین کی حکومت کی جانب سے پاکستان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے عز م کا اظہار کیا۔