ایف بی آر‘11 ماہ میں 3534 ارب روپے کے ٹیکس جمع

148

اسلام آباد(اے پی پی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال میں جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران 3534 ارب روپے کے ٹیکس محصولات اکٹھے کیے ہیں۔دوران سال ایف بی آر کی ٹیکس وصولی کا نظر ثانی شدہ ہدف 3908 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے غیر حتمی اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران ٹیکس وصولی کا حجم 3534 ارب روپے ہے۔ اس طرح مالی سال کے آخری ماہ جون کے دوران ادارے کو 374 ارب روپے ٹیکس وصول کرنا ہوں گے تاکہ نظر ثانی شدہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔ ایف بی آر کے حکام نے کہا ہے کہ مئی 2020ء کے دوران 227 ارب روپے کی وصولی ہوئی ہے جبکہ مئی 2019ء کے دوران 330 ارب روپے ٹیکسز کی مد میں وصول کیے گئے تھے۔مالی سال کے ہدف کی تکمیل کے لیے جون میں 374 ارب روپے کے ٹیکسز وصول کرنا ہوںگے۔ واضح رہے کہ جون 2019ء میں ایف بی آر نے 518.357 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی تھی۔