پارلیمنٹ حملہ کیس‘عدالت کی وزیراعظم و دیگر کو نئے وکیل کیلیے مہلت

199

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان کو 29 جون تک نیا وکیل کرنے کی مہلت دے دی۔ پیر کو عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان کے جونیئر وکیل نے بتایا کہ بابر اعوان پہلے عمران خان کے وکیل تھے اور اب وہ وزیر اعظم کے مشیر بن چکے ہیں لہٰذا وہ اب عوامی عہدہ رکھنے کے باعث بطور وکیل عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے‘ عمران خان کو کیس میں نیا وکیل کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کو کیس میں نیا وکیل مقرر کرنے کے لیے29 جون تک کی مہلت دے دی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔ جبکہ عدالت نے کیس کے دیگر ملزمان کو بھی نیا وکیل کرنے کی اجازت دے دی ہے کیونکہ کیس میں پی ٹی آئی کے تمام سینئر رہنمائوں کی وکالت بھی بابر اعوان ہی کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ 2014ء میں اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں پی ٹی وی اسٹیشن اسلام آباد اور پارلیمنٹ پرحملے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔