علامہ غلام محمد سیالوی کا شمار متحرک علما ئے اہلسنت میں ہوتا تھا، اعجاز ہاشمی

572

لاہور (نمائندہ جسارت) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے قرآن بورڈ پنجاب کے چیئرمین علامہ غلام محمد سیالوی کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی و دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، مرحوم کے بلندی درجات کی دعا اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ علامہ غلام محمد سیالوی متحرک عالم، متقی اور صاحب علم شخصیت تھے۔ افسوس ہے کہ علم دوست اکابرین اہل سنت دنیا سے رخصت ہوتے جارہے ہیں۔ نئی نسل کو بزرگوںکی تقلید میں ان کی جگہ پُر کرنی چاہیے اور ایسے لوگوں کو آنا چاہیے جو علم اور روحانیت میں اپنا کردار رکھتے ہوں۔ علامہ غلام محمد سیالوی کا شمار متحرک علما ئے اہل سنت میں ہوتا تھا۔ انہوں نے غلطیوں سے پاک قرآن مجید کی اشاعت کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر رکھی تھی۔ وہ قرآن بورڈ کے چیئرمین کے عہدے پر فائز رہے۔ مرحوم عقائد اہل سنت کے فروغ کے لیے کوشاں رہے۔ اتحاد امت کے لیے بھی جدوجہد کرتے رہے۔ تمام مکاتب فکر کے علما میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔