لندن کے ہوٹل میں چائے پیتے نواز شریف کی تصویر نظام انصاف کے منہ چڑا رہی ہے

803

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنے والد کی تصویر پر ردعمل میں کہا ہے کہ نواز شریف کی تصویر جاری کرنے کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔

علاج کی غرض سے عدالت سے ضمانت پر بیرون ملک جانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ لندن میں سڑک کنارے ایک ہوٹل میں اہلخانہ کے ساتھ موجود چائے یا کافی پی رہے ہیں۔

اس تصویر پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کو منہ چڑاتی یہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں؟۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے والد کی تصویر پر ردعمل میں کہا کہ نواز شریف کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ ان کی تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا،انہوں نے کہا کہ جو لوگ آئی سی یو میں گھس کر زبردستی میری بے ہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں، اُن کیلئے نواز شریف کے گھرکی خواتین اور بچیوں کی چُھپ کر تصاویر بنانا کیا مشکل ہے؟، اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا؟۔

ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ان کو اصل تکلیف اس بات کی ہے نواز شریف کو یہ اپنی پوری قوت اور طاقت کے اندھے استعمال کے باوجود نقصان نہیں پہنچا سکے۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر الزام عائد کیا کہ اُن لوگوں نے نواز شریف کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ نے بچالیا،نواز شریف کا خوف نہ ان کو جینے دیتا ہے اور نہ ہی چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی ان کی سزا ہے۔

نوازشریف کی تصویر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ترجمان شہباز گل نے مسلم لیگ (ن) کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انہوں نےقوم کو بے وقوف سمجھ رکھا ہے،آپ جھوٹ بول کر لندن گئے،جس جماعت کا میعار یہ ہو کہ تین دفعہ وزیراعظم بننے والے شخص میں اتنی اخلاقی قوت نہ ہو کہ وہ سچ بولے،اور جھوٹ بول کر ملک سے بھاگ جائے۔

انہوں نے کہا کہ  ترس آتا ہے ان لوگوں پر جو اب بھی اس جھوٹ کو سنتے ہیں اور انکو لیڈر مانتے ہیں۔

واضح رہے مسلم لیگ (ن) کے قائد علاج کے سلسلے میں اس وقت لندن میں موجود ہیں اور وہ گزشتہ سال دسمبر میں خصوصی طور پر علاج کے لیے عدالت سے ضمانت لے کر لندن گئے تھے۔

اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کسی ہوٹل میں موجود کھانا کھارہے تھے اور اس موقع پر ان کے بھائی شہباز شریف، دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز کے علاوہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔