پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک کمی کی سفارش

277

اسلام آباد ( آن لائن) اوگرا نے مہنگائی سے پسی ہوئی عوام کو ریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پرردو بدل کرتے ہوئے سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوا دی ہے جس میں قیمتوں میں 11 روپے تک کمی کی سفارش کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیشن اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے جس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے 88 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی گئی ہے۔،سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 6 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے کمی کے بعد 35 روپے 56 پیسے فی لیٹر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 5 پیسے اضافے سے نئی قیمت80 روپے 10 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے جبکہ اوگرا نے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 37 پیسے کمی کے بعد38 روپے 14 پیسے فی لیٹر کرنے کی سفارش کی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔