ٹڈی دل کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے، فخر امام

146

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سیّد فخر امام نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے،60 اضلاع میں اس وقت ٹڈی دل موجود ہے، کسانوں کو ٹڈی دل کے حملے کی پیشگی اطلاع کے لیے کوشاں ہیں، اس کے خاتمے کے لیے جدید آلات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، پاک فوج کے جہاز اور ہیلی کاپٹرز آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹرکے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیںنیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر کا اجلاس وفاقی وزیر سیّد فخر امام کی زیر صدارت ہوا، جس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور محکمہ زراعت کے نمائندوں نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں اب تک کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔