وفاقی بجٹ12جون کوپیش کیے جانے کا امکان ، ڈیوٹیوں، ٹیکسوں میں کمی متوقع

182

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش ہوگا جس میں ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں کمی متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ تجاویز 2 جون کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔وزیر عظم عمران خان نے 12 جون سے قبل باقاعدگی کے ساتھ بجٹ بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ کے مجموعی حجم میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے آئندہ مالی سال میں ساڑھے 7 ہزار ارب سے زیادہ کا وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ محصولات کا ہدف ساڑھے 4100 سے 4500 ارب مقرر کیے جانے کا امکان ہے جبکہ وفاقی ترقیاتی بجٹ 530 ارب روپے تک مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 200 ارب سے زیادہ مختص کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔ کورونا سے نمٹنے، کاروباری طبقے کے ریلیف کے لیے بجٹ میں ایک ہزار ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے تعمیراتی صنعت کو وفاقی بجٹ میں خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے آئندہ بجٹ میں بنیادی اشیائے خور و نوش پر ٹیکس کی شرح مزید کم ہوگی۔ماہرین معیشت کے مطابق رواں سال پاکستان کوتاریخی بجٹ خسارے کا سامنا کرنا ہوگا،خسارہ جی ڈی پی کے 10فیصد تک پہنچ سکتا ہے، یہ خسارہ چار ہزار ارب روپے سے بھی اوپر جائے گا، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا تمام ریلیف عوام کو نہ دے کر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھنے کی صورت میں پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھانے کے لیے جگہ رکھی ہے ۔