پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ فزیکل فٹنس کی بنیاد پر دینے کا فیصلہ

154

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے کورونا وائرس کی وجہ سیقومی کھلاڑیوں کو نیا سینٹرل کنٹریکٹ فزیکل فٹنس کی بنیاد پر دینے کا فیصلہ کیا ہے، یکم جولائی سے 17 قومی بلائنڈ کھلاڑیوں کو6 ماہ کیلئے سینٹر ل کنٹریکٹ دیا جائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے جمعرات کو سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ سیمت دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں جس کی وجہ سے پی بی سی سی نے17کھلاڑیوں کو یکم جولائی سے دسمبر تک 6 ماہ کیلئے فزیکل فٹنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ دینے کیلئے 40 کھلاڑیوں کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد ان میں سے 17 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے منتحب کیا جائے گا۔ سیّد سلطان شاہ نے کہا کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں اے کیٹگری میں 2 کھلاڑی، بی کیٹگری میں 4 جبکہ سی کیٹگری میں 11 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ تینوں کیٹگری کے کھلاڑیوں کو بالترتیب 15 ہزار، 12 ہزار اور 10 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ قومی کھلاڑیوں کا سنٹرل کنٹریکٹ جولائی سے دسمبر تک 6 ماہ کیلئے ہو گا۔