وفاقی حکومت ٹڈی دل کیخلاف کسانوں کی مدد کرے، شیری رحمن

214

اسلام آباد ( آن لائن ) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن نے ملک بھرمیں ٹڈی دل کے حملے پر وفاقی حکومت سے کسانوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں فصلوں پرٹڈی دل کے حملوں سے پاکستانی معیشت کو 600 ارب روپے کا نقصان ہو سکتاہے۔ زراعت جی ڈی پی کا 20 فیصد ہے اور 65 فیصد آبادی زرعی شعبہ جات میں کام کرتی ہے۔ وفاقی حکومت گہری نیند سے بیدار ہو کر کسانوں کی مدد کرے۔ انہوں نے مزید کہا مختلف اضلاع میں000 140, ایکڑ فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ، ٹڈی دل کے اس حملے میں سندھ کوسب سے زیادہ خطرہ ہے اور اس سے 451 ارب روپے کا ممکنہ نقصان ہوسکتا ہے ، جو کہ سندھ کے بجٹ کا تقریبا 70 فیصد ہے لیکن وفاقی حکومت نے ابھی تک سندھ میں ٹڈی دل کے خلاف اسپرے کی مہم شروع نہیں کی ہے ۔شیری رحمان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے گزشتہ سال پارلیمنٹ میں اس پر روشنی ڈالی لیکن وفاقی حکومت نے توجہ نہیں دی۔ اگر وفاقی حکومت ردعمل میں تاخیر نا کرتی تواس کی روک تھام آسانی سے کی جاسکتی تھی ۔