وزارت صحت کی ہدایت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے‘ اسد عمر

142

اسلام آباد ( آن لائن ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں عید کی آخری چھٹی کے دن بھی کورونا وائرس صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے بدھ کو اہم اجلاس منعقد ہوا۔ انسداد کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی گائیڈ لائنز پر عملدر آمد کے حوالے سے فورم کو پیشرفت سے آگاہ کیا۔ این سی او سی کے مطابق اجلاس کی صدرات وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کی۔وزیراعظم کے معاون صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے کورونا وائرس کے فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، کوا آرڈی نیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودا لزمان خان سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ملک میں ٹیسٹنگ کے حوالہ سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں ملک میں ہسپتالوں اور وینٹی لیٹر کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اسد عمر نے ہدایات دیں کہ وزارت صحت کی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنا کر عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ وباء کا پھیلاؤ روکا جا سکے، انفرادی ذمہ داری ہی اجتماعی صحت، تحفظ اور کووڈ۔19 سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے۔ این سی او سی نے غور کیا کہ کورونا وائرس سے مرنے والے مریضوں کی فیملی اس کی میت لینے میں جو مشکلات آ رہی ہے اس کو کم کیا جائے اور اس پراسیس کو سادہ بنایا جائے۔ این سی او سی نے اس پر بھی غور کیا کہ لوگوں کی مشکلات کو کیسے کم کیا جائے جو کووڈ۔ 19 سے جاں بحق ہونے والے اپنے پیاروں کے جنازے میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔ اجلاس کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ائدروس نے بتایا کہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ لوگوں کو ان کی متعلقہ معلومات فراہم کرنے میں مدد کر رہا ہے۔ فورم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ عوام کی مشکلات کم کرنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لاے جائیں گے۔