ٹرمپ کا کورونا کی دوسری لہر پر ملک بند نہ کرنے کا اعلان

364

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی دوسری لہر آتی ہے تو وہ امریکا کو بند نہیں کریں گے۔ صدر نے کورونا وائرس سے متعلق خدشات کے باوجود امریکا کی تمام ریاستوں میں کاروبار دوبارہ کھولنے پر بھی زور دیا ہے۔ ریاست مشی گن میں وینٹی لیٹرز تیار کرنے والی فورڈ موٹرز کمپنی کے پلانٹ کے دورے پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ لوگ ان ریاستوں میں پابندیوں کو نہیں مانیں گے جو معمولات زندگی بحال نہیں کر رہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مستقل لاک ڈاؤن کسی ریاست یا ملک کی حکمت عملی نہیں ہو سکتی۔ کورونا وائرس کے بعد ملک ایک بھرپور واپسی کے لیے تیار ہے۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سبب امریکی معیشت زوال کا شکار ہے اور گزشتہ 9 ہفتوں کے دوران 3 کروڑ 86 لاکھ امریکیوں نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دی ہے۔ امریکا کی تمام 50 ریاستوں نے کئی ہفتوں کی بندش کے بعد جزوی طور پر کاروبار کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔ اپنے خطاب میں امریکی صدر نے ایک بار پھر چین کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمے دار قرار دے دیا۔ صدر نے کہا کہ ہم مقامی سطح پر ادویات تیار کر رہے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہم کسی دوسرے ملک پر ادویات کے لیے انحصار نہیں کر سکتے۔ پلانٹ کے دورے پر کار بنانے والی کمپنی فورڈ کے اعلیٰ حکام بشمول چیئرمین بل فورڈ بھی موجود تھے، جنہوں نے ماسک اور گوگلز پہن رکھے تھے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بھی فیکٹری کے دورے کے دوران ماسک اور گوگلز پہنے تھے، لیکن وہ ماسک پہن کر ذرائع ابلاغ سے گفتگو مناسب نہیں سمجھتے۔