بغداد میں سعودی ٹی وی چینل کے مقامی دفتر پر مشتعل مظاہرین کا دھاوا

160

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں مشتعل مظاہرین نے سعودی عرب کے چینل کے مقامی دفتر پر قبضہ کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا۔ سعودی ٹی وی چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ 1982ء میں لبنانی دارالحکومت بیروت میں عراقی سفارت خانے کو بم سے اڑانے کے پیچھے ابومہدی مہندس کا ہاتھ تھا۔ یہ خبر نشر ہوتے ہی سیکڑوں مظاہرین نے سعودی چینل کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور اس کی نشریات بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے دفتر کی دیواروں پر نعرے بھی لکھے۔ خیال رہے کہ عراقی ملیشیا کمانڈر ابومہدی مہندس رواں سال امریکی حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھ ہلاک ہوگیا تھا۔