ایران کا امریکا کیخلاف اقوام متحدہ سے رجوع

215

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے اپنے آئل ٹینکروں کے خلاف ممکنہ امریکی اقدامات کے پیش نظر ا قوام متحدہ میں امریکا کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے نام لکھے گئے خط میں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ا یران سے وینزویلا کے لیے خام تیل کی فراہمی کو امریکا متاثر کرنا چاہتا ہے۔ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ کیریبین میں امریکی بحریہ کی تعیناتی ایرانی تیل کی وینزویلا کو ترسیل میں مداخلت کے لیے کی گئی ہے، اس طرح کا کوئی بھی اقدام غیر قانونی اور لوٹ مار کی قسم سے تعبیر ہو گا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے 4جہازوں کی ایران کے ٹینکروں سے ممکنہ تصادم کے لیے موجودگی کی اطلاعات ہیں، کسی بھی غیر قانونی اقدام کے نتائج کا ذمے دار امریکا ہوگا۔ ایران کی جانب سے 5 آئل ٹینکر تقریباً 4کروڑ 55لاکھ ڈالر کا تیل لے کر جنوبی امریکا کے ملک وینزویلا کی جانب گامزن ہیں۔ ایرانی حکام کو خدشہ ہے کہ کوئی رکاوٹ سامنے آ سکتی ہے۔ تیل اور دیگر اشیا کی فراہمی ایران اور وینزویلا کے درمیان پہلے سے طے شدہ ایک وسیع تر تجارتی معاہدے کا حصہ ہے۔ دوسری جانب ان دونوں ممالک کو تیل کی دوسرے ممالک کو فراہمی کے حوالے سے امریکی پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔ ساتھ ہی ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دارالحکومت تہران میں امریکی مفادات کی نگرانی کرنے والے ملک سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو مطلع کیا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکرز کے معاملے پر امریکی مداخلت کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔ عراقچی نے اس انتباہی بیان میں یہ بھی کہا کہ کسی ممکنہ امریکی خطرے کا ردعمل فوری اور فیصلہ کن ہو گا۔ امریکی بحریہ نے بحیرۂ کریبین میں اپنے جنگی جہاز تعینات کرنا شروع کردیے ہیں، جن کا مقصد ایرانی آئل ٹینکروں کو وینزویلا پہنچنے سے روکنا ہے، جس پر ایران نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کسی بھی امریکی کوشش کا ایران کی جانب سے فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اختتام ہفتہ پر ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا بین الاقوامی آبی گزر گاہوں میں امن و امان کی صورت حال بگاڑنے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ ایک سنجیدہ خطرہ مول لے گا اور اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ دوسری جانب وینزویلامیں امریکی مندوب کا کہنا ہے کہ وینزویلا اپنے تیل کے شعبے کی بحالی کے لیے ایران کو سونے میں ادائیگی کر رہا ہے۔