بے روزگاری بڑھے گی، آمدنی گھٹے گی،چار ہفتے مشکل میں گزرینگے، مشیر خزانہ

269
اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے سبب معاشی سرگرمیاں کم ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور ٹیکس آمدنی میں کمی آئے گی جس کی وجہ سے اگلے 4ہفتے مشکل میں گزریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی کیپ کے زیر اہتمام کورونا وائرس کی وبا کے بعد ملکی معیشت کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے،ہماری ترسیلات زر میں بھی کمی آئے گی۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ وبا سے پہلے معاشی ترقی کی شرح 3فیصد کے قریب تھی، وبا کے بعد منفی 1.5فیصد ہونے کا امکان ہے، ہمیں مستحق طبقے اور کاروبار کو تحفظ فراہم کرنا ہے، 1200 ارب روپے کا وزیر اعظم معاشی ریلیف پیکیج دیا ہے، 144 ارب روپے 1 کروڑ 20 لاکھ افراد کے معاشی تحفظ پر خرچ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بے روزگار افرادی قوت کے لیے معاونت کی اسکیم بھی منظور کی گئی ہے جس کے تحت کمپنیوں کے لیے پے رول اخراجات کی مد میں 4فیصد پر سبسڈائزڈ قرضے دے ہیں جبکہ 100 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ جاری کیے ہیں اور تمام کمرشل اداروں کو 3مہینے کے لیے مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کو عوام تک منتقل کیا ہے، 30 سے 40 فیصد تک توانائی کی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، گھریلو صارفین کے لیے گیس کے بلوں کو3 ماہ کے لیے مؤخر کیا گیا ہے۔مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ چھوٹے کاروبار کو سستے قرضوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، زرعی شعبے کے لیے 280 ارب روپے گندم کی خریداری پر خرچ کیے جائیں گے۔