آرمی چیف کا دہشتگردوں کے حملے پر ایران سے شدید تحفظات کا اظہار

666
(File Photo)

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پاک ایران بارڈر پر دہشتگردوں کے حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں آرمی چیف نے پاک ایران بارڈرپردہشتگردوں کے حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے پاک ایران بارڈر پرفینسنگ کا کام شروع کردیا ہے، سرحد پر چوکیوں کو مزید فعال بنانا ہوگا، پاکستان برابری کی بنیاد پرخطے میں امن واستحکام کے قیام کا خواہاں ہے، پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پرگامزن ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا  دونوں فوجی سربراہوں میں سیکیورٹی اقدامات بڑھانے پر اتفاق کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کے دوران کوروناوائرس کی صورتحال پربات چیت کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند روز قبل بلوچستان میں پاک ایران سرحد کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں6 سیکیورٹی اہلکارشہید ہوگئے تھے۔