کورونا نے محنت کش طبقے کو بری طرح متاثر کیا، صدر مملکت

311

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس  نے محنت کش طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت لاک ڈاؤن سے محنت کشوں  کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے جس کے لیے حکومت نے محنت کشوں کو فوری ریلیف دینے کیلئے احساس ایمرجنسی کیش ریلیف پروگرام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کی حالت سدھارنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی،  بنیادی حقوق کیلئےمحنت کشوں کی  تاریخی جدوجہد پر انکوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، صوبائی حکومتوں سے گزارش ہے کہ وہ محنت کشوں کی بہبود اور حقوق کے تحفظ کیلئے  کوششیں تیز کریں جبکہ محنت کش پاکستان کی ترقی اور خوشحالی  کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس  نے محنت کش طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں لوگ اس وبا کی وجہ سے بے روزگار ہوئے ہیں، کورونا وائرس  کی وجہ سے عالمی معیشت جمود کا شکار ہے۔