وزیر اعظم نے کام نہیں کرنا تو گھر چلے جائیں، بلاول بھٹو

436

کراچی : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کام نہیں کرنا تو گھر چلے جائیں، کسی اور کو آنے دیں ، پہلے دن سے وزیر اعظم اور ان کی ٹیم سندھ پر حملے کررہی ہے۔

بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا انتظام وفاقی وزیر نے کیا، وفاق کےلوگ ہمیشہ اٹھارویں ترمیم کے خلاف بات کرتے ہیں،کام کرنے کو تیا رنہیں ہیں، وفاقی حکومت کی مدد کے بغیرکورونا کا تنہا مقابلہ نہیں کرسکتے ، ہماری معیشت کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے۔

چیئرمین پی پی نے عمران خا ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کنٹینر سے اتریں اور وزیر اعظم بنیں، وزیر اعظم کو کون سمجھائے کے ملک کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں، ملک میں کام نہیں ہورہاہے، زندگی کو خطرے میں ڈالا جارہاہے، وفاقی حکومت ٹیسٹنگ بڑھانے کے لیے تیار نہیں ہے، ہمیں اپنی معیشت سنبھالنے کے لیے وفاق سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔

بلاول بھٹوکا مزید کہنا تھا کہ وفاق اگر سپورٹ نہیں کرسکتی تو مخالفت بھی نہ کرے، وفاق کہتا ہےکہ ڈیلی ویجز کے لیے اتنے ارب رکھیں ہیں ، صوبے کو دیا کچھ نہیں ہے، تحریک انصاف کے خلاف سازش خود پی ٹی آئی کررہی ہے، ہمیں مل کر فیصلے کرنے ہیں ، قیادت وزیر اعظم کو کرنی ہے۔

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت تیار نہیں، سندھ حکومت کے پاس وسائل کی بہت زیادہ کمی ہے،وفا ق نے اگر ہماری مدد نہ کی تو خدشہ ہے کہ کراچی کے حالات نیویارک جیسے نہ ہوجائیں، کورونا سے ملک میں9ڈاکٹرز جاں بحق ہوئے، ہم وفاق سے مطالبہ  کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت کا ساتھ دے۔