کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ، مؤقف پر قائم ہیں،چین

227

اقوام متحدہ(اے پی پی) اقوام متحدہ میں چینی مشن کے ترجمان نے چین کی جانب سے سلامتی کونسل کی میزبانی کے دوران بھارتی میڈیا کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر فوری غور کرنے کے پاکستانی مطالبے کو نظرانداز کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہکشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈاہے،چین کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ،مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں موجود ہے ، چین نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بہت قریب سے جائزہ لیا ہے ، مسئلہ کشمیر تارخی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کے مطابق مناسب اور پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین کشمیر کی صورتحال کو پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چینی سفیر زہانگ نے سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے فوری طور پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خط کونسل کی سرکاری دستاویز کے طور پر سرکولیٹ کیا جس میں بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ کونسل کے صدر کی حیثیت سے اپنے فرائض کے تحت خط کا فوری جواب دیا تھا اور کارروائی کی تھی۔ یہ خط اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کی جانب سے 10 مارچ کو سلامتی کونسل کو ارسال کیا گیا۔