ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی اداری صحت کو فنڈنگ روکنے کی دھمکی

382

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت WHO نے چین میں کوروناوائرس سے پیدا ہونے والی صحیح صورتحال اور درست شرح اموات کو عالمی برادری سے چھپایا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے میڈیا نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے WHO کو اب کوئی فنڈنگ نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے دھوکہ دہی سے کام لیا ہے اور چین سے گٹھ جوڑ کی ہے۔

ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو نے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈھانوم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہوں نے WHO کو استعمال کرتے ہوئے عالمی برادری کو کوروناوائرس سے متعلق نامکمل معلومات فراہم کیں۔

جبکہ اقوام متحدہ کی ترجمان اسٹیفنی ڈجیرک نے امریکہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور ان کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

اسٹیفنی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ WHO نے ڈاکٹر ٹیڈروس کی نگرانی میں کافی نمایاں کام انجام دئیے ہیں، جیسے کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے ممالک کو متعدد طبی آلات پہنچانا اور عالمی سطح پر ہدایات جاری کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت انٹرنیشنل ہیلتھ سسٹم کا علمبردار ہے۔ دنیا میں جہاں کہیں صحت سے متعلق مسائل نے جنم لیا، WHO کے عملے نے وہاں جاکر قربانیاں دی ہیں جیسے کونگو میں ایبولا وائرس جو اکثر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کوروناوائرس کیسز کی تعداد 1,446,981 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 83,090 ہے۔