کورونا وبا، عالمی بینک کا پاکستان کو مزید 2سو ملین ڈالر دینے کافیصلہ

137

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیراقتصادی امورحماداظہرنے کہاہے کہ غریبوں اورکم اجرت والے طبقے کو کوونا وائرس کی عالمگیر وبا کے منفی اثرات سے بچاناحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک کی امداد سے تیاریوں اور صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کومزید200 ملین ڈالرکی معاونت کے معاہدے پردستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان اور عالمی بینک کے مابین 200 ملین ڈالر کی فنانسگ کے معاہدے پردستخط کی تقریب اقتصادی امورڈویژن میں ہوئی۔وفاقی وزیرنے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے عالمی بینک کی جانب سے فنانسگ ریلیف کی فراہمی پر شکریہ اداکیا اورکہاکہ اس امدادسے پاکستان میں کوروناوائرس کی وبا سے نمٹنے کی تیاریوں اور صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ اس پروجیکٹ کا بنیادی مرکز صحت کا شعبہ ہوگا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ عالمی بینک کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز کورونا وائرس کی روک تھام ، اس کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ فنڈزکو وبائی مرض کے دوران معاشی تحفظ اور تعلیمی فروغ کے لیے بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ حماداظہرنے کہاکہ ہماری اولین ترجیح غریبوں اورکم اجرت والے طبقے کو وبا کے منفی اثرات سے بچانا ہے، منصوبے کا دائرہ ملک بھر میں ہوگا ، جس میں ملک کے تمام صوبوں اورعلاقوں کو شامل کیا جائے گا۔