لنکا شائر کے چیئرمین ڈیوڈ ہوج کورونا وائرس کے سبب جان سے گئے

194

لندن (جسارت نیوز)کورونا وائرس سے دنیا میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور انگلینڈ کے مشہور کرکٹ کلب لنکاشائر کے چیئرمین ڈیوڈ ہوج کس وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے۔71 سالہ ہوج کس گزشتہ 22 سال سے لنکا شائر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن تھے اور انہیں کافی عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔ ماضی میں خزانچی اور نائب چیئرمین کی خدمات انجام دینے والے ڈیوڈ ہوج کس نے اپریل 2017 میں لنکا شائر کے چیئرمین کا منصب سنبھالا تھا اور گزشتہ دہائی کے دوران اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش ان ہی کی مرہون منت ہوئی۔ان کے اہلخانہ نے ڈیوڈ ہوج کس کی کورونا وائرس کے سبب ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ لنکا شائر نے اپنے چیئرمین کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ لنکاشائر کے چیف ایگزیکٹو ڈینیئل گڈنی اور سابق کھلاڑیوں لیوک ا سٹن اور میٹ پارکنسن نے بھی چیئرمین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔لنکا شائر کے چیئرمین کورونا وائرس کے سبب جان کی بازی ہارنے والی کھیلوں کی دنیا کی پہلی شخصیت نہیں بلکہ مشہور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزو سانز کورونا وائرس کے سبب 76 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔