کورونا سے مزید 6 جاں بحق ،سندھ میں 41 افراد صحت یاب

314

کراچی /لاہور /اسلام آباد/پشاور/ کوئٹہ/ واشنگٹن/ روم/میڈرڈ/پیرس/بیجنگ /تہران/نئی دہلی/انقرہ( اسٹاف رپورٹر+نمائندگان جسارت+ خبرایجنسیاں)کورونا وائرس کے باعث پیر کوپنجاب اور سندھ میں مزید 3، 3 افراد جاںبحق ہوگئے ۔ پاکستان میںاس وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 24 ہو گئی ۔ پنجاب حکومت کی ترجمان کے مطابق جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں اور ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول ہسٹری بھی موجود تھی،صوبے میں مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے جن میں سے 4 لاہور، 3 راولپنڈی جبکہ فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک شخص کا انتقال ہوا ہے۔سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق پیر کو سندھ میں تینوں اموات کراچی میں ہوئیں ، 63 سالہ خاتون کودمے کی بیماری اور سانس لینے میں بھی تکلیف جیسے مسائل کا سامنا تھا، یہ خاتون 10 دن پہلے سعودی عرب سے وطن واپس پہنچی تھیں،دیگر 2 افراد کے حوالے سے انہوںنے بتایا کہ کراچی کے رہائشی 66 اور 52 سالہ مریضوں میں چند روز قبل مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ زیر علاج تھے تاہم وہ انتقال کرگئے۔اس طرح اب تک پنجاب میں 9، سندھ میں 6، خیبرپختونخوا میں 6 جبکہ گلگت بلتستان میں 2 اور ایک بلوچستان میں ہلاکت ہوئی۔پیر کو180 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ میں 64، پنجاب میں 58، خیبرپختونخوا میں 29، اسلام آباد میں 8، گلگت بلتستان میں 5 اور بلوچستان میں 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1775 تک جاپہنچی ہے۔پنجاب میں 651، سندھ میں 566، خیبرپختونخوامیں ، بلوچستان میں 144، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51اور آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 6ہوگئی ہے۔ادھر سندھ سے اچھی خبر یہ ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی سمیت 42افراد صحت یاب ہوگئے ہیں جن میں سکھر کے قرنطینہ سینٹر میں رکھے گئے 23زائرین بھی شامل ہیں۔ ان میں سے17افراد کراچی کے اسپتالوں سے صحت یاب ہوئے۔ادھروزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کی منظوری دے دی گئی ہے۔ درخواستیں آن لائن لی جائیں گی۔ صرف نام، شناختی کارڈ اور موبائل نمبر بتانا ہوگا۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فول پروف میکانزم کے تحت اصل حقدار تک مالی امداد پہنچائیں گے، پہلے مرحلے میں 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو 4 ہزار روپے کی مالی امداد دیں گے۔ روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو 2 قسطوں میں 8 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔ ان کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کے لیے 10 ارب روپے مختص کر دیے ہیں، اس پیکیج کی امدادی رقم وفاقی حکومت کے ریلیف پیکیج کے علاوہ ہوگی۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 37ہزار سے تجاوز کرگئی، 7لاکھ 70ہزار 165افراد متاثر ہیں جب کہ ایک لاکھ 60ہزار 234افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔پیر کو سب سے زیادہ ہلاکت اٹلی میں ہوئی جہاں 812 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ اس کے بعد اسپین میں 537، امریکا میں 352، فرانس میں 448، ایران میں 117، برطانیہ میں 180افراد ہلاک ہوئے۔ اٹلی کی حکومت نے عوام کولاک ڈاؤن میں مزید توسیع کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا ارادہ نہیں رکھتے۔علاوہ ازیں اسپین کی ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کا سربراہ بھی وائرس میں مبتلا ہوگیا ہے جب کہ وزیراعظم سمیت کئی اعلیٰ عہدیداروں میں بھی اس وائرس کا شبہ ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے آفس کے ملازم میں کورونا کی تشخیص کے بعد اسرائیلی وزیراعظم اور ان کے ساتھوں نے خود کوقرنطینہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مہلک وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے دنیا کے بیشتر بڑے شہروں میں کرفیو نافذ ہے ، لاک ڈاؤن کی وجہ سے سڑکیں ویران ہیں۔ اس وقت 3ارب سے زیادہ انسان طبی قیدمیں پڑے ہیں۔