اقوام متحدہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کیلیے دباؤ ڈالے، فخر امام

149

اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے عالمی برادری خاص کر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے تمام طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عالمی ایجنسیوں کو موقع فراہم کرنے اور بھارتی جیلوں میں قیدکشمیریوں کی فوری رہائی اور 8 ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کے خاتمے کے لیے مودی سرکار پر دباؤ ڈالے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک ایسی وباء ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ بے چارے کشمیریوں کا کیا قصو رہے کہ ایک طرف ان پر بھارتی ظلم و بربریت جاری ہے اور دوسری طرف انہیں علاج کی سہولت بھی میسر نہیں اور مقبوضہ وادی میں 8 ماہ سے کرفیو کا نفاذ ہے۔ اب وقت آ گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور یو این کے مستقل رکن ممالک بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ مودی سرکار عالمی ایجنسیوں کو کشمیریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے مدد کرنے کا موقع فراہم کرے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ قیدحریت رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان پر ہونے والی ناانصافی کو ختم کیا جائے۔