این ڈی ایم اے نے عالمی پروازوں کی بحالی کا اپنا خط منسوخ کردیا

290

اسلام آباد (آئی این پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بین الاقوامی پروازیں 5 اپریل سے بحال کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کو لکھے گئے اپنیخط کو نوٹیفکیشن کے ذریعے منسوخ کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق این ڈی ایم اے نے خط میں اعلیٰ حکام سے درخواست کی تھی کہ 5 اپریل سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان کے لیے غیر ملکی پروازیں بحال کی جائیں ‘ ائرپورٹس پر آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے اور مشتبہ مسافروں کو ہوٹلوں میں قائم قرنطینہ میں منتقل کر دیا جائے۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں فلائٹ آپریشن بحال کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہوگا‘ انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی بندش پہلے ہی تاخیر سے کی گئی ہے‘ صوبائی حکومتیں کورونا وائرس کے خلاف مشکل جنگ لڑ رہی ہیں‘ ایسے میں فلائٹ آپریشن کی بحالی سے قبل صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی جانی چاہیے‘ ان حالات میں ہم کسی نقصان اور رسک کے متحمل نہیں ہو سکتے۔