اسپین: مریض اسپتالوں سے فرار‘ پولیس مشکل میں پڑ گئی

252

میڈرڈ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اسپتالوں سے فرار ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ محکمہ پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ان تمام افراد نے حکام کو ایک نئی مشکل میں ڈال دیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیشنل پولیس چیف خوزے آنجیل گونزالیس نے بتایا کہ کئی اسپتالوں سے اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کے فرار کی اطلاعات مل چکی ہیں، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والا ادارہ مفرور مریضوں کو تلاش کرکے دوبارہ اسپتال منتقل کرنے جیسے ایک غیر ضروری کام میں مصروف ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈرڈ کے نواحی علاقے لیگانیس اور مشرقی اسپین کے ساحلی علاقے کے قصبے ہینی دورم سے مریض فرار ہوئے ہیں جب کہ شہریوں نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سول کرفیو کے تحت گھروں سے نکلنے پر پابندی کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں تقریباً 80 ایسے افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا، جو اپنے گھروں میں رہنے کے بجائے انتہائی غیر ذمے داری اور سماجی عدم یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرعام گھوم پھر رہے تھے۔