اسلام آباد میں فٹ بال کی سرگرمیاں کورونا وائرس کے باعث 5 اپریل تک معطل رہیں گی

154

اسلام آباد (جسارت نیوز) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین محمد زمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی نارملائزیشن کمیٹی نے کورونا وائرس کے باعث وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کی سرگرمیاں 5 اپریل تک معطل کرنے فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ روز انہوں نے بیان میں کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کی سرگرمیوں کو روکنے کا فیصلہ ملک میںکورونا وائرس کی وباء کے باعث پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی اور حکومت کی خصوصی ہدایات پر کیا گیاہے۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں تمام فٹ بال کی سرگرمیوں جن میں کلبوں اور کھلاڑیوں کے اجلاس، فٹ بال ٹورنامنٹ، دوستانہ اور پریکٹس میچز شامل ہیں پر 5 اپریل تک پابندی عائد کردی ہے۔ محمدزمان نے تمام متعلقہ کلبوں کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں سے بغیر کسی غیر ضروری کام کے باہر نہ نکلیں اور کورونا وائرس کی احتتاطی تدابیر پر ضرور عمل کریں۔ انہوں نے ملک میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے 15 اپریل تک تمام اسپورٹس سرگرمیوں کو معطل کرنے کی ہدایات جاری کرنے کی بھی تعریف کی۔