شہبازشریف کو سرمایہ پاکستان لانے کا اعلان کرنا چاہیے تھا‘ فردوس عاشق

149

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب قومی یکجہتی اور اتحاد سے کوئی انکاری نہیں، حکومت کو طویل لیکچر دیتے ہوئے کچھ اپنی ذمے داری کا احساس بھی ضرور کرتے، اچھا ہوتا اپنی بے پناہ دولت سے عوام کے لیے آج کچھ مختص کرنے کا اعلان کرتے؟۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ شریف خاندان نے جو کمایا اسی ملک سے کمایا اور باہر لے گئے، آج آپ کو یہ اعلان کرنا چاہیے تھا کہ شریف خاندان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے لیے سرمایہ پاکستان واپس لا رہا ہے۔ انہوں نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے دکھ درد کا مداوا کرنے کے لیے پہلے ہی لائحہ عمل ترتیب دے چکے ہیں، کورونا وائرس کے تناظر میں وزیراعظم کے عوام کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا جلد اعلان کرنے والے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق نے منگل کو اخباری مالکان کی تنظیم آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے صدر حامد ہارون اور الیکٹرونک میڈیا مالکان کی تنظیم پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے چیئرمین شکیل مسعود کو خط لکھا ہے جس میں کہا کہ میڈیا ورکرز اور صحافی کورونا کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ میڈیا مالکان سے گزارش ہے کہ وائرس کے خطرے میں پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے دوران اپنے ان سپاہیوں کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آگاہی دینے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، ان کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے۔