نجی اسکولز اینڈ کالجز نے آدھی فیس وصولی کا پنجاب کابینہ کا فیصلہ مسترد کردیا

143

اسلام آباد (صباح نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرارحسین نے پنجاب کابینہ کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو آدھی فیس وصول کرنے کے فیصلے کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے نجی تعلیمی اداروں کو اپنا وجود قائم رکھنا ناممکن ہو جائے گا‘ کم آمدن اور کم فیس لینے والے تعلیمی اداروں کو عمارات کے کرائے‘ یوٹیلیٹی بلز اور اساتذہ سمیت دیگر ملازمین کو ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہو جائے گی‘ نجی تعلیمی ادارے کورونا جیسے موذی وبا کے خاتمے میں تعاون کے لیے اپنے تعلیمی اداروں کو قرنطینہ سینٹر بنانے سمیت تمام وسائل فراہم کرنے کو تیارہیں تاہم ا ن کے مستقبل کا فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ مسائل نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ درپیش ہیں جبکہ رہی سہی کسر پنجاب کابینہ کے حالیہ فیصلہ نے نکال دی ہے۔