حج روکنے کی خبر میں صداقت نہیں، انتظامات جاری ہیں، نور الحق قادری

367

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سوشل میڈیا پر حج روکنے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے، حج انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں تاہم سعودی وزارت حج نے ٹرانسپورٹ اور ہوٹلوں اور رہائشی عمارتوں کا حتمی معاہدہ فی الحال مؤخر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ منگل کو حج انتظامات کے حوالے سے اپنے ایک وضاحتی بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ ہم سعودی وزارت حج و عمرہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، سعودی عرب نے حج انتظامات روکنے سے متعلق کوئی حکم جاری نہیں کیا۔ سعودی حکام ایسے اعلان سے پہلے بڑے مسلم ممالک سے مشاورت کریں گے، فی الحال حج نہ ہونے کی بات قبل از وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی سے امید ہے کہ حج کے ایام تک صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ مصدقہ اطلاعات کے لیے وزارت کے آفیشل سوشل میڈیا کو فالو کریں۔