مشیر خزانہ کی امدادی فنڈز کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کرنیکی ہدایت

194

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ریلیف اقدامات کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے ضمن میں ضابطے کی تمام رکاوٹوں کو دورکرنے کے لیے تمام کوششیں ممکنہ بنانے اور اس عمل کو سادہ مگر شفاف بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں وزارت خزانہ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امدادی اقدامات کے ضمن میں فنڈز کے طریقہ کارکو اسٹریم لائن کرنے کے ضمن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیراقتصادی امورحماداظہر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا، نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ رسک مینجمنٹ فنڈ کے سی ای او، سیکرٹری وزارت خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن، سیکرٹری قومی صحت خدمات اورچیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے شرکت کی۔ اقتصادی امور کے وزیرمملکت حماد اظہر نے عوام کوریلیف کی فراہمی کے لیے فنڈز کی دستیابی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ رسک مینجمنٹ فنڈ کے سی ای او اورچیئرمین این ڈی ایم اے نے وباء سے مؤثرطریقے سے نمٹنے میں ادویات اورآلات کی خریداری کے لیے حکمت عملی کے چیدہ نکات پیش کیے۔اجلاس کے شرکاء نے وباء سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کی سطح بارے تفصیلات بتائی اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ ضرورت کے اس وقت میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔