کورونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹر اسامہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

161

کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے خود اس وائرس کا شکار ہونے ہو کر موت کو گلے لگانے والے ڈاکٹر اسامہ کی نماز جنازہ گلگت میں ادا کر دی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں صوبائی وزیر بلدیات رانا فرمان علی، سماجی،مذہبی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان نے کوروناوائرس کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ نہایت ہی افسوس کے ساتھ محکمہ صحت گلگت بلتستان اس بات کی تصدیق کررہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔شہید کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے گا۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹراسامہ کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔ ڈاکٹراسامہ 2 دن سے وینٹی لیٹرپر تھے اور آج وہ اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں۔