سات ماہ سے بے گناہ کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں،فردوس عاشق

337

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 7 ماہ سے زائد  محصور بے گناہ کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہےہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ تاریخ کا وہ روشن دن  ہے جب مسلمانانِ برصغیر کو  ایک واضح نصب العین ملا۔یہ اس دن کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانوں نے برطانوی سامراج اور ہندو تسلط سے خود کو آزاد کرانے کیلئے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزاد وطن کے حصول کی بے مثال جدوجہد کی اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر لا کھڑا کیا،بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والا ظلم قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے، 7 ماہ سے زائد  محصور بے گناہ کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہےہیں، مہذب دنیا کشمیریوں کو انکا جائز، قانونی اور جمہوری حق دلوائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔پاکستان استصواب رائے کا حق ملنے تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا۔آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں،عوام کا تحفظ ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔ وباء پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے۔