آفات کا مقابلہ متحد ہو کر کیا جاتا ہے، چیئر مین این ڈی ایم اے

97

اسلام آباد(اے پی پی)نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ تمام فارماسٹیکل اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو کورونا وائرس سے بچائو اور علاج کے لیے ادویات عوام کو فراہم کرنی چاہییں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو فارما سٹیکل ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات میں کہی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور حالات کے تناظر میں فارما سٹیکل اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو کورونا وائرس سے بچائو اور علاج کی ادویات عوام کو فراہم کرنے کو یقینی بنانا چاہییں،اس وقت غیرقانونی اور ناجائز منافع کے بجائے عوام کی زندگی کو بچانے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ آفات کا مقابلہ متحد ہو کر یکجہتی سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ فارما اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ہر قسم کی مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔