خوف اور مایوسی نہیں احتیاط اور امید کی ضرورت ہے،سراج الحق

927

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسرا ج الحق نے کہاہے کہ ا س وقت پوری انسانیت امتحان سے دوچار ہے ، واحد حل رجوع الی اللہ ہے ۔خوف ، دہشت اور مایوسی نہیں احتیاط اور امید کی ضرورت ہے ۔بچو اور بچائو دینی فریضہ بھی ہے اور قومی ذمے داری بھی ۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیاہے کہ عملی جدوجہد کے ذریعے محنت اور سابق روایات کو زندہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے۔ ملک بھرمیں جماعت اسلامی کے دفاتراورکارکنان کورونا وائرس سے بچاؤ اورآگاہی کے لیے وقف کردیے ہیں ۔عالمی یا ملکی وسائل نہ ہونے کے باوجود محدودوسائل سے الخدمت فاؤنڈیشن اورجماعت اسلامی
بڑے اقدامات کررہی ہے۔کورونا وائرس سے لوگوں کو بچانے اور بروقت علاج کی سہولت مہیا کرنے کے لیے حکومت سے مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں چلنے والے سیکڑوں اسپتال، ڈسپنسریاں، ایمبولیسنز عملے سمیت ملک و قوم کے لیے حاضر ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے سرسیدچوک راولپنڈی میں کورونا وائرس بچاؤ آگہی کیمپ کے دورے اورعوام سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیرجماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم،امیرضلع سیدعارف شیرازی و دیگرذمے داران بھی اس موقع پر موجو د تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا وائرس کا خوف پھیل رہاہے،میرا جسم میری مرضی تو ایک طرف ، ملکوں اور قوموں کی مرضی محدود ہوگئی ہے ۔ امریکا ، یورپ اور چین جیسی بڑی طاقتیں بے بس ہورہی ہیں ۔ یہ صورتحال رب کائنات کی نشاندہی کر رہی ہے کہ ایک ایسی ذات ہے جس کے سامنے کسی کی مرضی نہیں چلتی ۔یہ وقت رجوع الی اللہ کا ہے ، ہم سب اپنے مالک حقیقی کی طرف رجوع کریں ۔ بیماریاں اللہ کے حکم سے آتی ہیں اور اسی کے حکم سے ختم ہوتی ہیں ،ہمیں سچے دل سے توبہ کرتے ہوئے بقیہ زندگی رب کائنات کی بندگی میں گزارنے کا اقرار کرنا چاہیے ۔ سینیٹرسرا ج الحق نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں قوم کو مایوسی کے بجائے امیداورحوصلے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا،علما کرام،اساتذہ،وکلا ،انجینئرزسمیت تمام طبقات عوام کے دکھوں کا مداواکرنے اوران کے زخمو ں پر مرہم رکھنے کے لیے اپنا کرداراداکریں۔ حکومت غریبوں کے لیے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کرے۔ کوروناوائرس نے جس طرح عالمی معیشت کو تباہ کردیاہے اسی طرح ملکی معیشت تباہ، مارکیٹس بند اور کاروبار بھی ٹھپ ہوچکے ہیں۔خاص طور پر دیہاڑی دار مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ حکومت 25 ہزار سے کم آمدن والے شہریوں کو بجلی اور گیس کے بل معاف کردے۔انہو ں نے کہاکہ ہمارے وفود ملک بھر میں علما کرام، سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقاتو ں کے دوران گلی محلے کی سطح پر عوام کے اندر موجود کورونا کا خوف دور کرنے اور انہیں صفائی ستھرائی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر مائل کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مارکیٹ کمیٹیوں کے سربراہان، یونینز کے صدور ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے دکانداروں کو روکنے اور مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے میں اپنا کرداراداکریں۔ سراج الحق نے عوام میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک،صابن ودیگراشیا بھی تقسیم کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی نے مختلف اضلاع میں کوروناوائرس اوررجوع الی اللہ مہم کے سلسلے میں آگہی کیمپ لگائے ہیں جہاں جماعت اسلامی کے کارکنا ن عوام الناس کوکورونا وائرس سے بچاؤکے بارے میں آگاہ کرنے کے علاوہ انہیں اللہ سے تعلق کومضبوط کرنے کی تلقین بھی کررہے ہیں۔