کورونا سے نجات کیلیے بنگلا دیش میں 25ہزار افراد کی اجتماعی دعا

265

ڈھاکا(صباح نیوز)دنیا بھر میں لوگ کورونا کی وبا کے باعث ایک دوسرے سے دور بھاگ رہے ہیں ایسے میں بنگلادیش میں 25ہزار افراد نے کئی گھنٹوں تک ایک جگہ جمع ہوکر کورونا سے حفاظت کے لیے دعائیں مانگیں اور ہزاروں افراد کے اس عمل پر دنیا بھر میں حیرانگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔بنگلہ
دیش کے اخبار ڈھاکا ٹریبون کے مطابق چٹاگانگ ڈویژن کے ضلع لکشمی پور کے مرکزی عید گاہ میں ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے کورونا وائرس سے تحفظ اور اس کے خاتمے کے لیے دعا کا اہتمام کیا گیا۔دعاکے لیے لوگ دور دور سے علی الصبح مرکزی عیدگاہ پر پہنچنا شروع ہوئے اور تقریبا صبح 7بجے دعائیہ تقریب کا آغاز کیا گیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ اجتماع میں شاہی جامع مسجد کے مولانا محمد انور حسین نے دعائیں پڑھائیں اور اجتماع کے دوران بیماریوں اور وبا سے حفاظت اور ان کے خاتمے کے لیے بتائی گئی 6 دعاؤں کو پڑھا گیا۔مقامی انتظامیہ نے دعوی ٰکیا کہ کسی نے بھی ان سے اجتماع کی اجازت نہیں لی اور نہ ہی انہیں اس بات کا بروقت علم ہوسکا ،دعائیں مانگنے کا یہ واقعہ 18مارچ کو پیش آیا جب کہ بنگلا دیش میں کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی ہلاکت ہوئی۔بنگلا حکومت نے بھی لوگوں کے بڑے مجمع پر پابندی عاید کر رکھی ہے۔بنگلا دیش میں ہزاروں افراد اجتماع پر دنیا حیران ہے۔کورونا کے پیش نظر کئی اسلامی ممالک میں مساجد بند کردی ہیں ، سعودی عرب نے عمرے پر بھی پابندی لگا دی ہے وہیں دنیا بھر میں گرجا گھروں اور مندروں سمیت دیگر مذاہب کے عبادت خانوں کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔