سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں اوپی ڈیز بند

421

وزیراعلیٰ سندھ کی احکامات پر عملدرآمد شروع ہوگیا، کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی 15 روز کے لیے بند کردی گئی۔

کراچی سمیت سندھ بھر کے چھوٹے بڑے سرکاری اسپتالوں میں بدھ کے روز سے اوپی ڈیز معطل کردی گئیں اور یہ سلسلہ 15 روز تک جاری رہے گا، شہر کے 3 بڑاسپتالوں، جناح، سول، عباسی شہید سمیت قومی ادارہ برائےامراض قلب ، قومی ادارہ صحت اطفال اور دیگر اسپتالوں میں اوپی ڈیز بند رہیں جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سرکاری اسپتال میں ایمرجنسی سروس بحال  اور پوری طرح فعال ہے،تمام اسپتالوں کے ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو ہنگامی امداد دی جارہی ہے۔سرکاری اسپتالوں کے ساتھ ساتھ بعض نجی طبی مراکز میں بھی اوپی ڈیز بند ہیں۔

کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر سندھ حکومت کے فیصلوں کی روشنی میں شہرقائد میں جزوی لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے، تجارتی و کاروباری مراکز بند ہیں، مختلف علاقوں میں چھوٹی بڑی مارکیٹیں پولیس نے بند کروادی ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔

لاک ڈاؤن کے باعث صدر الیکٹرانکس مارکیٹ، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس، لی مارکیٹ، کپڑا مارکیٹ، آرام باغ فرنیچر مارکیٹ،  اکبر مارکیٹ سمیت متعدد مارکیٹیں بند ہیں تاہم میڈیسن مارکیٹ، طبی مراکز، میڈیکل اسٹورز، ہومیوپیتھک اسٹورز کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی دکانیں کھلی ہیں۔