مزدور اور غریب طبقات کو اسلام اور پیغمبرؐ اسلام نے وقار بخشا،حافظ محمد ادریس

154

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن کی کل پاکستان ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور اور غریب طبقات کو اسلام اور پیغمبرؐ اسلام نے عزت اور وقار بخشا، حضور ؐ اپنے کام اپنے ہاتھوں سے کر لیا کرتے تھے، آپ ؐ نے حلال کی کمائی کے لیے محنت کرنے والوں کو اللہ کا محبوب قرار دیا۔ آپ ؐ نے امراء اور صاحب اقتدار طبقوں کو سختی کے ساتھ اس بات سے روکا کہ وہ کسی کو کمتر سمجھ کر اس کے بنیادی حقوق کی نفی کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام ؓ چاہتے تھے کہ آپ ؐ کے لیے ہر خدمت سر انجام دیں اور آپ ؐ کو مشقت سے محفوظ رکھیں مگر آپ ؐ نے ہمیشہ اپنے ذاتی کاموں کے ساتھ اجتماعی امور اور خدمات میں بھی بھر پور حصہ لیا۔ جنگوں سے لے کر عام زندگی تک آپ ؐ نے یہ حقیقت واضح کی کہ ہاتھ سے کام کرنے میں عزت ہے ۔ خندق کی کھدائی ، مسجد کی تعمیر اور سفر کے موقع پر لکڑیاں جمع کرنے میں اور پھر جنگی مہمات میں باری باری اونٹ پر سوار ہونے میں صحابہ ؓ کے ساتھ مکمل مساوات کا مظاہرہ کیا۔ حافظ محمد ادریس نیکہاکہ آج ہمارا سیاسی و معاشی اور سماجی و معاشرتی نظام غریبوں کو حقوق دینے اور ا ن کی عزت نفس کو ملحوظ رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکاہے ۔ بڑے طبقات کے لیے اور اصول ہیں اور غریب و مزدور کے لیے اور یہ ظلم کا نظام ہے۔ اس کا تدارک ضروری ہے اور یہ صرف اسلام کے مکمل نظام کو نافذ کرنے ہی سے ممکن ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوا م کو اب چہروں کی تبدیلی کے بجائے نظام کو تبدیل کرنا ہوگا ۔