جماعت اسلامی خواتین کا’’عالمی یوم خواتین ‘‘ پر ملک گیر مہم کا اعلان

1294
کراچی: مرکزی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی ادارہ نورحق میں عالمی یوم خواتین کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہی ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)کے تحت آج ’’عالمی یوم خواتین ‘‘کے سلسلے میں ’’قوموں کی عزت ہم سے ہے ‘‘ کے عنوان سے ملک گیر مہم چلائی جائے گی،مہم کے سلسلے میں آج لاہور میں ایک بہت بڑی خواتین کانفرنس منعقد کی جارہی ہے،3مارچ کو رحیم یار خان میں ،7مارچ کراچی، شکارپور، کنڈیارو ،خانیوال، ملتان،بہاول پور،بہاول نگر، بدین، سکھر، 8 مارچ کو اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ، ایبٹ آباد،جیکب آباد، ٹنڈو محمد خان،گجرات ،سرگودھا ،اٹک ، راولپنڈی ،میرپور خاص، سانگھڑ اور دیگر بڑے شہروں میں خواتین کانفرنسز اور دیگرجگہوںپر واک کا اہتمام کیا جائے گا، 9 مارچ کو لاڑکانہ ، 3 1مارچ کو حیدرآبادمیں کانفرنس،14 مارچ کو کراچی آرٹس کونسل میں مؤثر طبقات کا پروگرام اسی طرح مختلف مقامات پر مشاورتی فورمز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ تقریری اور پوسٹرسازی کے مقابلے ، آن لائن بلاگ رائٹنگ اور خصوصی معلوماتی کتابچہ’’ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم خواتین کے حقوق کے محافظ‘‘ تقسیم کیا جائے گا۔ خواتین کے حقوق پر کام کرنے والی دیگر سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں،اداروں اور افراد کے ساتھ خصوصی روابط اور تبادلہ خیال کے ذریعے مشترکہ نکات پر اشتراک عمل پیدا کیا جائے گا جبکہ معاشرے میں خواتین کے تقدس اور احترام کو پامال کرنے والے عناصر اور مواد کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ’’قوموں کی عزت ہم سے ہے ‘‘کے عنوان سے آگہی مہم کے سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان آمنہ عثمان ، ناظمہ صوبہ سندھ عطیہ نثار،ناظمہ کراچی اسما سفیر ،ڈائریکٹر میڈیا سیل جماعت اسلامی پاکستان عالیہ منصور، ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ قمر، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان صائمہ افتخاراور دیگر بھی موجود تھیں ۔دردانہ صدیقی نے مزید کہاکہ عالمی یوم خواتین کے موقع پرجماعت اسلامی اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ایک ماڈل نظام کے ذریعے اس دن کو مسلمان عورت کی شان و شوکت کا دن بنائیں گے اور ان شا ء اللہ اس حوالے سے ملک گیر سطح پر بھر پور آگہی مہم ’’ قوموں کی عزت ہم سے ہیــ‘‘ کے عنوان سے یکم تا 20 مارچ چلائی جائے گی۔مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سوشل میڈیا سمیت رائے عامہ کے رہنمائوں کے ساتھ مشاورت اور اشتراک سے مختلف سرگرمیوں، رابطوں ،پروگرامز اور تبادلہ خیال کی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ مہم کے دوران خواتین کے حقوق و فرائض سے متعلق آگاہی کے ساتھ ان کے حصول اور ادائیگی کے لیے درست طریقہ کار اور لائحہ عمل کے لیے بھر پور رہنمائی فراہم کرتے ہوئے معاشرے میں اصلاح احوال کے لیے تحریک منظم کی جائے گی۔دردانہ صدیقی نے مزید کہاکہ میڈیا پرمصنوعات اور contentبیچنے کے لیے عورت کی خوبصورتی کو استعمال کرنا بطور انسان عورت کی توہین ہے۔ موجودہ دور میں انٹرنیٹ جس اخلاق باختگی کو فروغ دے رہا ہے اس کا براہ راست نشانہ ہمارے بچے بن رہے ہیں، خصوصاً بچی (Girl child) کی حفاظت والدین کے لیے ایک پریشان کن مسئلہ بنتا جارہا ہے۔زینب اور نور جیسے واقعات ایک مسلم معاشرے کے لیے بدنما داغ ہیں۔اگرہم اپنے معاشرے کو بچیوں کے لیے محفوظ بنانا چاہتے ہیںتو ایسے مجرموں کو فوری اور عبرت ناک سزائیں دی جائیں،دوسر ی طرف اس جرم کے محرکات کو ختم کرنے کے لیے میڈیا کے ضابطہ اخلاق پر مؤ ثر قانون سازی کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی سطح پر بھی جماعت اسلامی کی خواتین ارکان جب بھی ایوانوں میں موجودرہیں ، انہوں نے عورت کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کی ، خواہ وہ جہیز کے خلاف بل کی منظوری ہو یا ملازمت کے اوقات کار میں کمی سمیت دیگر بلز جن میں بیوہ یا سنگل خواتین کو ٹیکس سے مستثنا ، گھریلو تشدد کا بل، صحافیوں کے تحفظ کا بل ، چھوٹی بچیوں پر زیادتی کرنے والوں کی سزا میں اضافے کا بل، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مسائل کے لیے فورم کی تشکیل، وغیرہ کے بل شامل ہیں۔ 2002ء سے 2007ء تک کی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی خواتین کارکردگی کے لحاظ سے ٹاپ ٹین میں شمارہوتی رہی ہیں جبکہ 2013ء سے 2018ء کی اسمبلی میں عائشہ سید کی کارکردگی کو فافن اور پلڈاٹ کے مطابق ٹاپ5 میں شامل کیا گیا۔