ترک صدر کی بھارت میں مسلم کش فسادات کی شدید مذمت

395

ترک صدررجب طیب ارودوان نے بھارت میں مسلم کش فسادات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ حیران ہوں ان واقعات کے بعدبھارت کیسے دنیا میں امن کی حمایت کرےگا۔

انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب میں ترک صدرطیب ایردوان نے بھارت میں جاری  مسلم کش فسادات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہندووں کے ہاتھوں مسلمانوں کاقتل عام ہورہاہے، بھارت میں مشتعل ہجوم بچوں کوسریوں اورڈنڈوں سے ماررہے ہیں۔

ترک صدر  نے کہاکہ ہندوستان میں مسلمانوں کاقتل عام اب روٹین کی بات ہے، مسلمان مسلسل قتل کیے جا رہے ہیں،ہندو انتہاپسند یہ کر رہے ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ میں حیران ہوں کہ ہندوستان کیسے دنیا میں امن کی حمایت کرےگا، جب بھارتی حکمران تقریر یں کرتے ہیں (چونکہ ان کی آبادی زیادہ ہے )تو کہتے ہیں کہ ہم مضبوط ہیں” کمزوروں پر ظلم کرنا طاقت نہیں ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ترکی نفرت اور ناانصافی کے خلاف اور مظلوموں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔

واضح رہے کہ مسلم مخالف متنازع شہریت قانون کے خلاف دہلی میں پرامن دھرنے پر بیٹھے مظاہرین پر مسلح ہندو جتھوں نے حملہ کردیا،گزشتہ چار روزسےجاری مسلم کش فسادات میں اب تک 34 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔