ستائیس فروری کو جس طرح بھارتی جارحیت کا جواب دیا دنیا یاد رکھے گی، وزیراعظم

290

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 26 فروری کو ہونے والی بھارتی جارحیت کا جس طرح ہماری فوج نے جواب دیا دنیا نے اس کو تسلیم کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 27 فروری کو پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم ہاﺅس اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی،جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ائیرچیف ائیرمارشل مجاہد انورخان ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ،وفاقی وزراء، مختلف ممالک کے سفراء سرکاری اور عسکری حکام میں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،جس کےبعدبھارت کو پاک افواج کے جواب پر خصوصی ڈاکیو منٹری بھی پیش کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم جس طرح بحران سے گزر ی،بحیثیت پاکستانی مجھے اس پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحران کے دوران قوموں کا رویہ ہی قوموں کی پہچان ہوتا ہے، ہم بھارت کوفوری طور منہ توڑ جواب دے سکتے تھے(بالاکوٹ) حملے میں کوئی اموات نہیں ہوئی تھیں،ہم بھارت کا نقصان کر سکتے تھے، لیکن ہم نےبھارت کو اگلے روزجواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے جس طرح جواب دیا دنیا نے اس کو تسلیم کیا، پلوامہ اور بالاکوٹ حملے کے بعد دنیا پاکستان کے سنجیدہ کردار کی وجہ سے پاکستان کی پوزیشن دنیا میں مستحکم ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح پاکستان نے بھارتی جارحیت کاجواب دیا وہ ایک سنجیدہ ملک کی علامت ہے،بھارت کاپائلٹ واپس کیا، بھارتی آبدوز کو بھی نشانہ بنا سکتے تھے لیکن ہم نے نہیں بنایا،یہ سنجیدہ ملک کی علامت ہے،27فروری کے حملے کے بعد پاکستانی میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بہت بڑی مشکل میں پھنس گیا ہے، جس طرح کے بھارت کومیں جانتاتھا اور آج کا بھارت بڑے خطرناک راستے پر چل نکلا ہے،اس میں زیادہ نقصان بھارت کا ہی ہو گا،جس راستے پر وہ چل نکلاہیں اس سے واپس آنا مشکل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مسلمانوں اور اقلیتوں میں نفرتیں پھیلا رہا ہے، جہاں تک بھارت پہنچ چکا ہے اس کا نظریہ اس کو پیچھے نہیں ہٹنے دے گا، بھارت آر ایس ایس نظریے پر چل رہا ہے، جو بھی ملک فاشسٹ نظریہ پر چلا ہے، اس کا نقصان ہوا ہے، اس کا اختتام خون ہی ہوتا ہے۔